79

کراچی: بیوی کا 3 بچوں کیساتھ ملکر شوہر کا قتل

کراچی کے علاقے الفلاح میں تین روز قبل گھر سے ملنے والی لاش کا معمہ حل ہو گیا، مقتول کو اس کی بیوی نے 3بچوں کے ساتھ مل کر قتل کیا۔

کراچی میں گھریلو جھگڑے کے دوران قتل کی ایک لرزہ خیز واردات ہوئی ہے، 3دسمبر کے روز تلخ کلامی پر 40سالہ عبدالستار کو اس کی بیوی نے3کم عمر بچوں کے ساتھ مل کر تشدد کر کے قتل کر دیا۔
پولیس کو اطلاع ملی کہ الفلاح سوسائٹی سے 40سالہ عبدالستار کی لاش ملی ہے، جس کے اسپتال پہنچنے پر پولیس کو بتایا گیا کہ حادثے کے باعث اس کا انتقال ہوا ہے تاہم پولیس نے اپنی تفتیش شروع کی تو عبدالستار کے جسم پرشدید تشدد کے نشانات پائے گئے۔

ایس ایچ او الفلاح ندیم بیگ کے مطابق انہیں پہلے روز ہی سے عبدالستار کے قتل کا شبہ تھا، آج رات مقتول کی بیوی حمیدہ کو حراست میں لیاگیا تو اس نے اعتراف کیا کہ اس نے اپنے شوہر کو 17 سالہ بیٹی، 15 سالہ اور 10 سالہ بیٹوں کے ساتھ مل کر قتل کیا۔

پولیس نے مقتول کے گھر سے قتل میں استعمال ہونے والا بیلن اور بلا بھی برآمد کرلئے ہیں، پولیس نے چاروں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کرلیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں